نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام روزگار فراہم کر رہا ہے : طلعت نصیر پاشا
لاہور (بزنس رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے ٹائون شپ کیمپس میں گزشتہ روز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کے دوسرے بیچ کی گریجوایشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ای گورننس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ساجد لطیف تھے۔ تقریب میں لاہور سے ٹریننگ مکمل کرنے والے 179طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ حکومت نے نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام جیسے منصوبے شروع کئے ہیں، جہاں نوجوانوں کوتکنیکی مہارتیں سکھا کر آن لائن روزگار کے حصول کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے پاس آئوٹ ہونے والے طلباء کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام ایک کامیاب منصوبہ ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مستفید ہونا چاہیے۔ تقریب سے مہمان خصوصی ڈی جی ای گورننس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ساجد لطیف ، جامعہ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، رجسٹرار احمد اسلام، خزانچی قیصر اقبال اور جامعہ کے لاہور میں موجود پرنسپلز و ڈائریکٹرز، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس کونسلنگ سنٹر ڈاکٹر احسن بشیر کے علاوہ طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔