پاکستان میں سیکیورٹی کے تحفظات نہیں بین کٹنگ آسٹریلیا کیخلاف کھیل سے اعتماد بڑھتا ہے شاہین آفریدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلین کرکٹر بین کٹنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کے کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کو انجوائے کرتا ہوں اسی لیے اہلیہ کو بھی لاتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی وزیراعظم بھی پاکستان آئیں گے تو انہیں بھی ایسی ہی سکیورٹی ملے گی۔ بین کٹنگ پی ایس ایل 7 میں پشاور زلمی سے کھیل رہے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ایرن ہالینڈ پی ایس ایل کی اینکر اناؤنسر ہیں۔قومی ٹیم اورلاہور قلندرز کے فاسٹ بائولر کپتان شاہین آفریدی کی نظریں پی ایس ایل کی چمچماتی ٹرافی پر جمی ہیں تاہم دوسری طرف وہ آسٹریلیا کے 24 سال بعد تاریخی دورہ پاکستان میں ہوم سائیڈ کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے کیلئے بھی پرعزم ہیں۔آسٹریلیاکی ٹیم آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان آئی تھی، یہ وہ وقت تھا جب شاہین شاہ آفریدی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ وہ 4 مارچ سے شروع ہونے والی کیلنڈر ایئر 2022 کی پہلی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔4 مارچ کو راولپنڈی سے شروع ہونے والی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔اکیس سالہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ جب آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا تووہ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔یہ سیریز بہت اہم ہے اور وہ یہاں متاثرکن کارکردگی پیش کرکے کیلنڈر ایئر 2022 کا بہترین آغاز کرنے کے خواہشمند ہیں۔ آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد اور سٹیٹس میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے باؤلنگ اٹیک نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے حسن علی کیساتھ مل کر اننگز کے آغاز سے ہی حریف بیٹرز کو دباؤ کا شکار کرکے پویلین کی راہ دکھانے کی کوشش کی تھی اور وہ آئندہ بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔انہیں یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین تاریخی سیریز کے سنسنی خیز میچز دیکھنے کیلئے شائقین کی ایک بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں گے۔