اولیاء ، صوفیاء نے امن و آشتی کیساتھ اسلام کا درس دیا : صاحبزادہ ابو الخیر زبیر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشواحضرت الشاہ خواجہ محمد رکن الدین الوری ؒو قطب وقت الشاہ خواجہ مفتی محمد محمود الوری ؒکے سالانہ عرس مبارک کی پہلی نشست تقریب سے جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں جبر نہیں،کسی بھی شخص کو اپنے عقیدے اور مسلک کی تبلیغ زبردستی نہیں کر سکتے۔ اولیاء اللہ و صوفیاء کرام نے امن و آشتی کے ساتھ اسلام کا درس دیا ان کا طریقہ تبلیغ آج کے علماء کے لئے مشعل راہ ہے۔جو اللہ کے ولیوں کے دامن سے وابستہ ہوجاتے ہیں اللہ اس کا دنیا جہاں میں ذکر بلند کردیتا ہے اللہ نے جو مقام اصحابہ مصطفیٰ میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو عطاء فرمایا وہی صفت اور مقام کفرستان الور میں حضرت شاہ رکن الدین الوری کو عطاء فرمایا حضرت شاہ رکن الدین الوری رحمۃ اللہ علیہ کے ذریعہ کفرستان الور میں اسلام کو عظمت اور عرو ج ملا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اولیاء اللہ نے اپنی تعلیمات سے اس سرزمین پر اسلام کی ترویج و اشاعت کی۔ اس ملک میں کسی متنازعہ غیر اسلامی قانون کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان علماء و مشائخ سے ملاقات میں کئے گئے اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے اسلام مخالف قانون بل کو پاس ہونے سے روکیں گے۔ پیر سید حبیب عرفانی سجادہ نشین آستانہ عالیہ سندر شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات سے امن کا درس ملتا ہے ۔ معاشرہ میں امن قائم کرنے کے لئے صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ہیں۔ڈاکٹر صاحبزادہ عزیر محمود الازہری نے کہا کہ الشاہ خواجہ رکن الدین الوری و مفتی محمود الوری نے اپنی نگاہ کرم کی تجلی سے لاکھوں ہندؤں کو مشرف با اسلام کیا ۔ انہوں یہ کارنامہ کسی تلوار یا گولی کے سہارے کے بجائے امن ومحبت سے کلمہ حق بلند کیا۔صاحبزادہ فائز محمود الازہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا برصغیر پاک و ہند میں اسلام کو عروج اولیاء اللہ کی جدوجہد سے ملا۔ اولیاء کرام کے آستانوں سے دین کی ایسی شمع روشن ہوتی ہیں جس کی روشنی سے عالم فیضیاب ہوتے ہیں ۔ شاہ رکن الدین الوریؒ نے کفرستان الورمیںدین کی نایاب شمع روشن کی ۔انہوں نے جوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ میں پھیلتی بے راہ روی سے چھٹکارا پانے کے لئے اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ تقریب میں علماء و مشائخ ، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔