سکھ یاتریوں کی بھارت واپسی‘ واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد کے نعرے 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بھارت سے آئے 818 سکھ یاتری اپنی 10 روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد بھارت واپس روانہ ہو گئے۔ بورڈ ترجمان کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائن طارق وزیر ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے دھیان سردار ستونت سنگھ سردار امیر سنگھ دیگر ممبران نے مہمانوں کو نیک خواہشات کے ساتھ واہگہ بارڈر سے رخصت کیا۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد، عمران خان زندہ باد، سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ پارٹی لیڈر سردار ہرپال سنگھ نے کہا کہ ہم اعلیٰ انتظامات اور بہترین مہمان نوازی پر حکومت پاکستان وفاقی وزیر نور الحق قادری اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کے بے حد شکر گزار ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسلمانوں نے ہمیں مثالی عزت اور پیار دیا۔ سردار امرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ مہمان نوازی میں پاکستان اور مسلمانوں کا کوئی ثانی نہیں۔ سردار گورمیت سنگھ نے کہا کہ بھارت میں پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ خواتین کا کہنا تھا کہ ہم یہاں سے حسین یادیں لیکر جا رہی ہیں۔