خود کو ڈگریوں کا تصدیقی ایجنٹ ظاہر کر نے والا جعل ساز گروہ سرگرم
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل) ملک میں ایچ ای سی سے ڈگریوں کی تصدیق کے’’ ایجنٹ‘‘ ظاہر کر کے بڑے پیمانے پر عوام کو لوٹنے کاانکشاف ہواہے اس حوالے سے خود کو ڈگریوں کا تصدیقی ایجنٹ ظاہر کر نے والے جعل ساز گروہ سرگرم ہیں،ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ ایسی شکایات آئی ہیں کہ کچھ افراد خودکوڈگریوں اور ٹرانسکرپٹس کے تصدیقی ایجنٹس کے طور پر متعارف کرارہے ہیں،ایسی تمام ڈگریاں اور ٹرانسکرپٹس ایچ ای سی کے سامنے پیش ہو نے پر ضبط کر لی جائیں گی ۔تفصیلات کے مطابق جعل سازوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی )ڈگریوں کی تصدیق کے نام پر ملک بھر میں سادہ لوح عوام کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ،ڈگریوں کی تصدیق کے لئے ’’تصدیقی ایجنٹس‘‘کے نام پر جعل ساز گروہ سرگرم ہو چکے ہیں جو عوام سے ان کی ڈگریاں وصول کر تے ہیں اور بھاری رقم وصول کر کے وعدہ کیا جا تاہے کہ ان کی ڈگریوں کی تصدیق کرا کے دی جائے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ ان جعل سازوں نے ایچ ای سی کی مہریں اور ٹکٹس بھی بنوا رکھی ہیں جن کے ذریعے ڈگریوں کی جعلی تصدیق کی جاتی ہے۔