بیساکھی میلہ‘ مرکزی تقریب آج حسن ابدال میں انتظامات مکمل 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب آج چودہ اپریل کو گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی۔ جہاں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے، سیاسی و سماجی رہنما اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری شرکت کریں گے۔ سکھ مذہب کے روایتی تہوار بیساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے 818 جبکہ دنیا بھرسے آنے والے سینکڑوں سکھ یاتری گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری شرائنز طارق وزیر، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل اور ترجمان عامر حسین ہاشمی ان کے ہمراہ تھے جبکہ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ سابق پردھان سردار بشن سنگھ، جنرل سیکرٹری سردار امیر سنگھ اور دیگر سکھ رہنما بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ بورڈ کا سکیورٹی عملہ مہمانوں کی خصوصی سکیورٹی کر رہا ہے۔ مہمان سکھوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے لاہور سے حسن ابدال روانہ کیا گیا جہاں بھارتی گروپ لیڈر سردار گورومیت سنگھ نے اعلیٰ انتظامات اور بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ بورڈ ترجمان عامر ہاشمی کے مطابق تمام تر انتظامات مکمل اور فول پروف ہیں اوریاتریوں کو مکمل پروٹوکول دیا جارہا ہے۔