ویسٹ مینجمنٹ آپریشن موثر بنانے کیلئے پی آئی ٹی بی اور ایل ڈبلیو ایم سی میں معاہدہ

لاہور(سٹی رپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آپریشنز کو جدید اور بہتر بنانے کیلئے مل کر کام کریں گے۔اس حوالے سے چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور اور سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران علی سلطان کی ارفع ٹاور میں ملاقات ہوئی۔ میٹنگ میں ڈی جی ای گورننس ساجد لطیف سمیت دونوں اداروں کے افسران شریک ہوئے۔اس موقع پر سی ای او عمران علی سلطان نے ایل ڈبلیو ایم سی میں نافذ پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم کو سراہا۔ میٹنگ میں کچرے سے متعلق صارفین کی شکایات کیلئے قائم ہیلپ لائن 1139 کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔ یہ ہیلپ لائن پی آئی ٹی بی کے سٹیزن کنٹیکٹ سنٹر کے تحت کام کرے گی۔ اجلاس کے مطابق پنجاب آئی ٹی بورڈ ویسٹ مینجمنٹ آپریشنز، عملے کی نگرانی اور گاڑیوں کی ٹریکنگ کیلئے آئی ٹی پر مبنی جدید سسٹم اور آئی آر آئی ایس ٹیکنالوجی پر مبنی عملے کی حاضری کے حوالے سے ماڈل تشکیل دینے کیلئے کام کرے گا۔