بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام سے ملکی صنعت کوفروغ ملے گا:سید نبیل ہاشمی
لاہور(کامرس رپورٹر) جنوبی پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے نہ صرف بہاولپورکی بزنس کمیونٹی کو فائدہ ہوگا بلکہ ملک میں صنعتکاری کے فروغ کے لئے یہ زون ایک اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ اس سٹیٹ کے قیام سے مقامی سرمایہ کاروںکے ساتھ پنجاب اور سندھ کے سرمایہ کاروں کو فیکٹریاں لگانے کا موقع بھی ملے گا ۔ یہ بات پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس (پی آئی ای) کے چیئرمین سید نبیل ہاشمی نے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔وفد کی قیادت بہاولپور چیمبر کے صدرتنویر احمد کر رہے تھے نبیل ھاشمی نے کہا کہ تین انڈسٹریل زو ن جن میں رحیم یار خاں، بھلوال اور وہاڑی میںمکمل طور پر انفراسٹر کچر فراہم کردیا گیا ہے جبکہ بہاولپورانڈسٹریل سٹیٹ کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ۔ پی آئی ای کے چیئرمین نبیل ھاشمی نے بہاولپور میںانڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی مسلسل کو ششوں کو سراہا۔