میاںاسلم اقبال کاچکن ، انڈوں اور ادرک کی قیمتوں میں اضافے پراظہارتشویش
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس ہوا جس میں اشیاء ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے مرغی کے گوشت، انڈوں اور ادرک کی قیمتوں میں اضافے پرسخت تشویش اور ناراضی کا اظہار کیااور محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کے افسروںپر برس پڑے، صوبائی وزیر نے استفسار کیا کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے لائیو سٹاک نے کیا اقدامات کئے،جس پر محکمہ لائیو سٹاک کے افسر تسلی بخش جواب نہ دے سکے، صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ انڈوں کو سٹور کرنے کی پالیسی پر نظرثانی کی جائے اور محکمہ زراعت زرعی اجناس کی صورت حال کے بارے میں وقت سے پہلے آگاہ کر ے۔صوبائی وزیر نے خانیوال میں آٹے کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صورتحال فوری بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹرکنگ پوائنٹس پر انحصار کم کرکے دکانوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔سیکرٹری صنعت و تجارت واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت،سپیشل برانچ اور متعلقہ محکموں کے افسروںنے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبے بھر کے کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسر وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔