’’ای پے پنجاب‘‘کے ذریعے1 سال میں 10 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس ریونیو وصول

لاہور(کامرس رپورٹر)شہریوں کی سہولت کیلئے پی آئی ٹی بی کے محکمہ خزانہ پنجاب کیلئے وضع کردہ سرکاری ادائیگیوں کے آن لائن نظام ’’ای پے پنجاب‘‘ کے ذریعے ایک سال میں پنجاب کے 20 لاکھ شہریوں سے حکومت کو 10 ارب روپے سے زائد ٹیکس ریونیو حاصل ہو چکا ہے۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفرمنظور کی زیرصدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف و دیگر افسران شریک ہوئے۔بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ ماہ میں لاہور‘گوجرانوالہ‘فیصل آباد اور ملتان میں ٹریفک چالان کی آن لائن ادائیگی کیلئے شہریوں نے ای پے کی سہولت استعمال کرتے ہوئے 3 کروڑ 57 لاکھ روپے کی رقم چالان کی مد میں جمع کروائی۔ اس سال کے آخر تک پنجاب پبلک سروس کمیشن فیس‘ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی چالان‘ ای آبیانہ جبکہ اگلے سال کے ابتدائی ماہ میں ڈومیسائل فیس‘ سینما ڈیوٹی ٹیکس‘کیریکٹر سرٹیفکیٹ فیس‘اسلحہ سرٹیفکیٹ فیس و دیگر سرکاری ادائیگیوں کو بھی ای پے پنجاب کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔