کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے: اظفر منظور

لاہور (لیڈی رپورٹر)یوم دفاع کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں قائم تعلیمی اداروں میں بھی انتہائی جوش و خروش سے تقریبات منعقد ہوئیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے زیراہتمام پاک فوج کے شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم دفاع کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بھارت کو 65 اور 71 کی جنگوں میں ناکوں چنے چبوانے والے دلیر ہواباز سیسل چوہدری کے بیٹے سیسل ایس چوہدری نے اپنے والد کے کارناموں پر روشنی ڈالی۔چیئرمین اظفر منظور نے کہا کہ پوری قوم بہادر افواج کیساتھ ہے اور کشمیری بھائیوں کیلئے بھی آواز اٹھاتی رہے گی۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمینار اور واک کا انعقاد ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعیدنے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں لیکن اگر مسلط ہوئی تو اپنی فوج کے ساتھ پاکستان کا ہر شخص شانہ بشانہ لڑے گا۔دریں اثناوائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمداختر نے پاک فوج اور پولیس کے شہداء کے بچوں کے داخلے کیلئے خصوصی کوٹے، مفت تعلیم، پانچ ہزار روپے ماہانہ سکالرشپ اور ہاسٹل میں مفت رہائش کا اعلان کردیا ۔