چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کیلئے وضع کردہ سمارٹ مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح

لاہور(پ ر) ارفع سافٹ ویئر پارک میں گزشتہ روز چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے لئے پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے وضع کردہ سمارٹ مانیٹرنگ سسٹم اور اینڈرائیڈ ایپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ سسٹم سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کی رفتار کا آن لائن جائزہ لیا جا سکے گا۔پہلے مرحلے میں سسٹم ڈیرہ غازی خان کیلئے لانچ کیا گیا۔ مہمان خصوصی چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم ڈاکٹر پرویز احمد نے کہا کہ آن لائن نظام سے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور فعالیت آئے گی۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور کا کہنا تھاکہ اس ایپ کے ذریعے وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کو ترقیاتی سکیموں کی معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔ ممبر وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم تنویر ساہو نے سسٹم کے استعمال اور خصوصیات بارے بریفنگ دی۔ بعدازاں ڈیرہ غازی خان سے آئے مختلف محکموں کے 32 افسران کو سسٹم کے استعمال بارے تربیت دی گئی۔