لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے

لاہور(خصوصی نامہ نگار )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان گزشتہ روز ارفع ٹیکنالوجی پارک میں ایک مفاہمتی یادداشت طے پائی جس کے تحت پی آئی ٹی بی ایل ڈی اے کیلئے ای پرمٹ نظام وضع کریگا جس کے تحت صارفین رہائشی‘ کمرشل اور ویئرہائوسز نقشوں کی منظوری کی درخواستیں ایل ڈی اے کے ون ونڈو سنٹر کے علاوہ پی آئی ٹی بی کے تحت قائم لاہور کے ای خدمت مراکز اور ویب سائٹس پر بھی جمع کرا سکیں گے۔یہ مفاہمتی یادداشت کاروبارمیں آسانیاں لانے کے ریفارمز ایجنڈا کے تحت چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پرطے پائی۔ تقریب میں ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف‘ وائس چیئرمین واسا اور ڈیجیٹیلائزیشن کمیٹی کے چیئرمین شیخ امتیاز‘ گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی اور چیف ٹائون پلانر سید ندیم اختر زیدی سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔