صوبائی وزیرصنعت وتجارت کے رمضان بازاروں کے دورے ‘انتظامات کا جائزہ

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے گزشتہ روز شاد باغ اور چائنہ سکیم میں لگائے گئے رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔وہ رمضان بازاروں میں مختلف سٹالز پر گئے اور اشیاضروریہ کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے آٹے اور چینی کے سٹالز کا بھی دورہ کیا اور رمضان بازاروں میں لگائی گئی ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر دالوں ،سبزیوں اور پھلوںکی قیمتوں کو چیک کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ماہ رمضان میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پوری حکومتی مشینری فیلڈ میں موجود ہے اور رمضان بازاروں وکھلی مارکیٹوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازار درحقیقت سستے بازار ہیں جو کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کیلئے لگائے گئے ہیں۔رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش عام مارکیٹوںسے کہیں کم قیمت پر دستیاب ہیں اور حکومت عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔اسی لئے رمضان بازاروں میں بے پناہ رش ہے اور ہم بہتر مینجمنٹ کے ذریعے اسے کنٹرول کررہے ہیں۔