سینئر کھلاڑی ورلڈ کپ کے لئے تیار، فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کرنیگے: مکی آرتھر

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ کے باوجود قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ٹیم کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کا عندیہ دیدیا ۔ قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس میںکہا کہ چیف سلیکٹر کیساتھ بیٹھ کر ورلڈکپ سکواڈ پر بات کریں گے، ہمارے ذہن میں سکواڈ ہے، سینئر کھلاڑیوں میں فٹنس کے کوئی مسائل نہیں ہیں۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں ہارنے کا افسوس ہے تاہم کئی مثبت پہلو سامنے آئے ہیں ۔ خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ورلڈ کپ سکواڈ سے متعلق بہت کلیئر ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں کو آرام کرنے کا موقع ملا جس سے کارکردگی میں بہتری آئیگی ۔ تمام اہم کھلاڑی فٹ ہیں۔ عابد علی کی کارکردگی نے بہت متاثر کیا۔حارث سہیل کی بیٹنگ بہتر ہوئی ، امید ہے ورلڈ کپ تک پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز وں کی کارکردگی بہتر ی کی طرف گامزن ہوگی ۔محمد رضوان نے بڑے سکور بنائے،عابد علی اور محمد حسنین کی صورت میں نئے کھلاڑی قومی ٹیم کو ملے ، آرام کرنے والے کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد بننے والا کمبی نیشن انگلینڈ کی کنڈیشنز میں یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا ۔ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کو گیار میچز کھیلنے کو ملیں گے جس سے تیاری کا موقع ملے گا ۔کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 14اپریل کو ہوگا ۔ورلڈ کپ کیلئے فٹنس اور فیلڈنگ لیول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ سرفراز احمد ورلڈ کپ کیلئے پہلی چوائس ہیں اور کپتان بھی ہیں۔ محمد عامر کی پرفارمنس اچھی نہیں تاہم وہ بڑے میچ کا باولر ہے ۔سیریز میں عمر اکمل کا رویہ بہتر رہا ۔۔ فہیم اشرف کو مذید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ کپ میں جیت کا تو وعدہ نہیں کرسکتا تاہم بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرینگے ۔ متبادل کھلاڑیوں پر کام کرنا ہوگا ۔ صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے کوچز سے مل کر پلان تشکیل دیں گے ۔