ایم اے او کالج میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے پرعزم ہیں:فرحان عباد ت یار خان

ایم اے او کالج میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے پرعزم ہیں:فرحان عباد ت یار خان

لاہور(نمائندہ سپورٹس+نمائندہ سپورٹس) ایم اے او کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہم ایم اے او کالج میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کالج کی کھیلوں کے حوالے سے تاریخ شاندار ہے۔ ہم کالج کے پلیئرز کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بہترین نتائج دے سکیں۔ کالج کی گراؤنڈ کو اصل شکل میں بحال کرنے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ یہاں اچھی پچز بنائیں گے۔ کرکٹ کی سہولیات کو بہتر بنائیں گے۔ انڈور گیمز کی سہولیات کو بھی بہتر بنائیں گے۔ سمسٹر سسٹم کی وجہ سے سرکاری تعلیمی اداروں سے اچھے کھلاڑی سامنے نہیں آ رہے۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے کھیل کے نام پر جو کام شروع کر رکھا ہے اس سے سپورٹس کو کم اور پرائیویٹ اداروں کو زیادہ فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ہمیں اپنے سارے نظام پر نظر ثانی کرنا ہو گی۔ ماضی میں گورنمنٹ کالج، اسلامیہ کالج اور ایم اے او کالج نے کئی نامور کھلاڑی دیے ہیں لیکن اس وقت صورت حال بہت مختلف ہے۔