ملیحہ لودھی کا مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے عالمی برادری پر زور
اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین نظرانداز کرنے سے امن خراب ہی رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کرے۔
دنیا کا امن مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے باعث بُری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ بدقسمتی سے دونوں مسائل کا تعلق مسلم امہ ہے۔ شاید اسی وجہ سے ان مسائل کا نصف صدی سے بھی زیادہ عرصہ میں کچھ قوتوں کے تعصب کے باعث حل نہیں نکل سکا۔ اس دوران لاکھوں فلسطینی اور کشمیری اسرائیلی سفاکیت اور بھارتی بربریت کا نشانہ نہ بن کر دائی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ دونوں کے مسائل کے حل کے لئے او آئی سی کو ری آرگنائز کر کے طاقتور بنانے کی ضرورت ہے جو عالمی برادری پر مسلمانوں سے متعلقہ مسئلوں کے حل پر زور ڈال سکے۔فلسطینی عوام اسرائیل کے استبداد کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں، اسی طرح کشمیری بھی بھارت کے مظالم کا بے جگری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کبھی بھارت کا تسلط قبول نہیں کیا۔ وہ استصواب کو ہی مسئلہ کشمیر کا حل سمجھتے ہیں جس کے لئے ان کی جدوجہد جاری ہے۔ کشمیریوں نے ہمیشہ ڈھونگ انتخابات کا بائیکاٹ کیا جبکہ کشمیر کاز سے غداری کرنیوالی پارٹیاں انتخابات میں حصہ لیتی رہی ہیں۔ اب ان کی غیرت بھی جاگ گئی ہے۔ نیشنل کانفرنس نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کیا ہے۔ بھارت کی کٹھ پتلی کا کردار ادا کرنے والی جماعتیں بھی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والی جماعتوں کا ساتھ دیں تو مسئلہ کشمیر وادی کے باسیوں کی امنگوں کے مطابق حل ہو سکتا ہے۔ پاکستان کو بھی کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہونا ہو گا اورملیحہ لودھی کی طرح مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اٹھایا جانا چاہئے۔