کامونکے : جائیداد کیلئے لے پالک بیتے نے ماں اور 2بہنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، ملزم گرفتار

کامونکے (نامہ نگار) جائیدادہتھیانے کی خاطر لے پالک بیٹے نے بھائیوںکے ہمراہ فائرنگ کرکے چھت پر سوئی ہوئی تائی اماں اور دو تایازاد بہنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم عدیل نے فائرنگ کرنے سے پہلے بستر سے اپنی بیٹی کو اْٹھاکر ایک طرف کر دیا۔ اہل دیہہ کے فائرنگ کی آواز سن کر اکھٹے ہونے پر ملزمان نے معاملہ کو ڈکیتی کا رنگ بھی دینا چاہا۔ بتایا گیا کہ گذشتہ شب سوا دو بجے کے قریب گھنیاں کامرس کالج والاکی پچاس سالہ رضیہ بی بی اپنی اٹھارہ سالہ بیٹی جویرہ اور سولہ سالہ روبینہ بی بی اور اپنے لے پالک بیٹے ملزم عدیل کی بیٹی کے ہمراہ چاروں گھر کی بالائی منزل پر سوئی تھی کہ عدیل، عابد اور فاضل نے اپنے والد مشتاق اور عزیز محمد یونس کی ایماء پر اْن پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں رضیہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، شدید زخمی حالت میں اْسکی دونوں بیٹیوں کو ہسپتال پہنچایا جارہا کہ روبینہ راستہ میں دم توڑ گئی جبکہ جویریہ کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے تشویش ناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی جانبر نہ ہو سکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عدیل نے فائرنگ سے قبل مقتولین کے ساتھ سوئی ہوئی اپنی بیٹی علشبہ کو اٹھاکر ایک طرف کر دیا تھا۔ جویرہ اور روبینہ کے والد محمد اقبال نے اپنی وفات سے قبل چک علاؤالدین میں بارہ ایکڑ زرعی اراضی سے دو ایکڑ اپنی بیوی کے نام لگوا دی اور باقی دس ایکڑ دونوں بیٹیوں کے نام لگواکر انکے رشتے بھی طے کر دیئے چار ماہ چھوٹی بیٹی روبینہ کا رشتہ محمد اقبال جٹ نے گائوں کے ہی اپنے دوست کے بیٹے سے طے کیا تھا جس کا ملزمان کو رنج تھا کہ اْنکی وراثتی اراضی خاندان سے باہر نہ چلی جائے، ملزمان منشیات کے عادی بھی بتائے گئے، انہوں نے اپنے والد کے حصہ کی تمام اراضی بھی فروخت کردی تھی۔ صدر پولیس نے مقتولہ رضیہ بی بی کی بہن بشریٰ بی بی کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم عدیل کو گرفتار کرلیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا جبکہ مقتولین کے ننھیال والوں نے اپنی مرضی کیخلاف مقدمہ درج کرنے اور ڈاکٹروں کے پوسٹمارٹم کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے رقم مانگنے پر ہسپتال کے سامنے دو اطراف سے جی ٹی روڈ بند کرکے پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ بعدازاں ڈی ایس پی سرکل نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد ٹریفک بحال کروا دی۔