نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان مخالف ایجنڈا ناکام بنا دیں: میجر جنرل آصف غفور

اسلام آباد (آن لائن) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والا پاکستان مخالف ایجنڈا ناکام بنا دیں‘کیونکہ ففتھ جنریشن وار کا نشانہ نوجوان نسل ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوتھ اسمبلی کے وفد نے بدھ کو جی ایچ کیو کا دورہ اور ڈی جی آئی ایس پی سے ملاقات بھی کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے نیشنل یوتھ اسمبلی کے وفد کو جیو سٹرٹیجک صورتحال اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نےنیشنل یوتھ اسمبلی کے وفد کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن کیلئے کاوشوں سے آگاہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ففتھ جنریشن/ ہائیبرڈ وار کا تذکرہ کیا جس میں سوشل میڈیا کے ذریعے موثر طور پر نئی نسل کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر نیشنل یوتھ اسمبلی کے وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں اور کاوشوں کا اعتراف کیا اور پرامن ماحول کیلئے فورسز کی حمایت کا اعادہ کیا۔ نیشنل یوتھ اسمبلی کے وفد نے پاکستان اور مسلح افواج کیخلاف منفی پروپیگنڈے کے توڑ کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔