الیکشن بروقت ہونے چاہئیں ، تاخیر جمہوری عمل کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے:سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میںبر وقت انتخابات کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کا عزم اور جمہوریت کے ساتھ چیف جسٹس کی کمٹمنٹ حوصلہ افزا اور قابل تحسین ہے ۔اب ضرورت اس امر کی ہے انتخابات بروقت ہوں الیکشن میں ایک دن کی تاخیر بھی جمہوری عمل کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے ۔الیکشن سے قبل نگران حکومت غیر جانبدار ہونی چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی صدارت میں منصورہ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے ملک میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ اور لاقانونیت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے بلند و بانگ دعوئوں کے باوجود دیہاتوں میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے اور شہروں میں دس سے بارہ گھنٹے تک ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ حکومت غربت اور مہنگائی سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی۔انہوں نے کہا عوام کی معاشی حالت ابتر ہوچکی ہے جس نے عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا دشوار کردیا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی طرف سے ملک کے ایئر پورٹس کی نجکاری کے ارادہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت بڑے بڑے ایئر پورٹس کی نجکاری کیلئے باقاعدہ گاہک ڈھونڈ رہی ہے اور عمدا ًاور قصداًاداروں کو ناکام بنا کر انہیں مقامی اور بین الاقوامی ٹھیکیداروں کے حوالے کرنے کا ایک مستقل پروگرام رکھتی ہے جو کسی طرح بھی سیکورٹی کے لحاظ سے ٹھیک نہیں اور نہ ہی اس میں کوئی قومی مفاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ایک غیر جانبدار نگران حکومت کا قیام ناگزیر ہے ۔اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو بروقت انتخابات کے انعقاد پر متحدہوجاناچاہئے ۔چیف جسٹس کی طرف سے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے عزم کو سراہتے ہوئے امیرانہوں نے کہا ملک سے کرپشن اورلاقانونیت کا خاتمہ ہوجائے تو نہ صرف ادارے مضبوط ہونگے بلکہ جمہوریت کو بھی فروغ ملے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2مئی کو اسلام آباد میں ہونے والے ایم ایم اے کے کنونشن میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک سے جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی وفد میں سینٹر مشتاق احمد، عنایت اللہ خان اور مظفر سید شامل تھے نجی ٹی وی کے مطابق دونوں جماعتوں نے صوبے کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ملکر چلنے کا عزم کیا اور صوبے میں حکومت سازی کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ملاقات میں آئندہ بجٹ اور صوبے کی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا پرویز خٹک نے جماعت اسلامی کے وزراء کی لگن اور جذبے کو سراہا ۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں صوبے میں نگران سیٹ اپ کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا جماعت اسلامی نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے کیلئے نام دیدیا جماعت اسلامی نے تحریک انصاف حکومت کو گرانے کی کسی بھی کوشش کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔