نکاح نامے کی درست انداز میں خانہ پری بہت ضروری ہے: حمیدہ وحیدالدین

لاہور(لیڈی رپورٹر) لڑکا اور لڑکی نکاح نامے پر دستخط کرنے سے قبل تمام خانوں بالخصوص حق مہر ، طلاق کا تفویض کئے جانے والا حق اور نان نفقہ کو بغور پڑھیں، تمام متعلقہ افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نکاح نامے پر دستخط سے لیکر اس کی رجسٹریشن تک شفافیت کو یقینی بنائیں یہی سوچ معاشرے کو مضبوط کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین بیگم حمیدہ وحیدالدین نے پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین (پی سی ایس ڈبلیو) کے زیر انتظام منصوبے تربیت برائے نکاح رجسٹرار لوکل گورنمنٹ لاہور ڈویژن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- تقریب میں چیئرپرسن پی سی ایس ڈبلیو فوزیہ وقار اور لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن پی سی ایس ڈبلیو فوزیہ وقار نے کہا کہ کمیشن صوبہ بھر کے 47000 نکاح رجسٹرار ، یونین کونسل سیکرٹریز و چیئرمین کو خواتین کے حقوق ، انکی پاسداری کے لئے حکومت کی جانب سے لئے جانیوالے اقدامات ، نکاح نامے کی مکمل اور درست انداز میں خانہ پری اور رجسٹریشن کے مراحل کے حوالے سے تربیت فراہم کرے گا - لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ عورتوں کے متعلق روایتی اور فرسودہ سوچ کو یکسر بدلنا ہو گا اسی سے انکی حق تلفی کی حوصلہ شکنی ہو گی اور مثبت معاشرہ پنپ سکے گا- پراجیکٹ مینجر شاہد اقبال نے بتایا کہ رواں سال میں مرحلہ وار تربیت کے پہلے مرحلے میں پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین ، لاہور ڈویژن کے دو اضلاع شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں کل 2371نکاح رجسٹرار ، یوسی سیکرٹریز اور چیئرمینوں کو تربیت دے چکا ہے۔