محکمہ تعلیم کا کراچی کے مزید3 سرکاری سکول این جی او کو سونپنے کا فیصلہ
کراچی (سالک مجید) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے محکمہ تعلیم نے کراچی کے مزید 3سرکاری سکول این جی او ’’اخوت‘‘ کو سونپنے کافیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ’’اخوت‘‘ کے ذمہ داروں کو آگاہ کر دیاگیا ہے۔ مذکورہ سکول ملیر‘ چنیسر گوٹھ اور آغا خان روڈ پر واقع ہیں۔ اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب ہیں اور وہ نہایت کامیابی سے سندھ اور پنجاب سمیت کئی علاقوںمیں تعلیم و صحت سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کراچی میں اس سے قبل لیاری میں ایک سکول اس این جی او کو دیا گیا تھا جہاں بہترین انتظام سے سکول کو چلایا جا رہا ہے اور600 طلباء اور150 ٹیچرز خدمات انجام دے رہے ہیں یہ سکول صبح8 سے شام5 بجے تک چلایا جا رہا ہے اور750 افراد کو ناشتہ اور دوپہر کاکھانا بھی مفت کھلایا جاتا ہے اور سکول کو ایئر کنڈیشنڈ کر دیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ کی منظوری سے مذکورہ سکول کے اخراجات کو سرکاری بجٹ کاریگولر حصہ بنا دیا گیا ہے۔ ساڑھے تین کروڑ روپے حکومت ہر سال فراہم کیا کرے گا۔