سندھ، خیبرپی کے اور بلوچستان کے کمشنر برائے خواتین کا پنجاب آفس کادورہ
لاہور (لیڈی رپورٹر)پاکستانی عورت کو با اختیار بناناایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کیلیے تمام صوبوں کی اجتماعی سوچ اور کوشش موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ پورے ملک میں حقوق اور قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔یہ بات پنجاب کمشن برائے حقوق خواتین کی چیئرپرسن فوزیہ وقار نے پنجاب کمشن کے دورہ پرآنے والے سندھ، خیبرپی کے اور بلوچستان کے کمشنز برائے حقوق خواتین کے بین الصوبائی وفد سے اجلاس میں کہی۔دریں اثناء سندھ کمشن برائے خواتین کی چیئرپرسن نزہت شیریں نے کہا کہ صوبوں کی آپس میں ہم آہنگی سے عورتوں کی فلاح کیلیے جامع، مربوط اور قابل عمل حکمت عملی دی جا سکتی ہے۔ خیبرپی کے وفاٹاکمشن برائے خواتین کی چیئرپرسن نیلم خان طورو اور چئیرپرسن خواتین پارلیمانی کاکس و رکن کے پی اسمبلی معراج ہمایوں خان نے کہا کہ خواتین کو ان کا مقام دلانے میں حکومت کوشش کر رہی ہے۔