تحریک انصاف نہ ہوتی تو مسلم لیگ ن ملک کو گروی رکھ دیتی: محمودالرشید
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف نہ ہوتی تو مسلم لیگ ن ملک کو مکمل گروی رکھ دیتی، ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، گونگے بہروں کا ٹولہ ہے، عمران خان تنقید پسند شخص، ان کے فیصلے ذاتی نہیں پارٹی کی مشاورت سے طے پاتے ہیں۔ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ عوامی احتجاج ن لیگ کے دور اقتدار میں ہوئے۔ ڈاکٹر، نرسیں، اساتذہ، طلبہ، کسان، سرکاری ملازمین، معذوز اور نابینا افراد ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والا اپنے جائز حقوق کیلئے سراپا احتجاج رہا، کرپشن اور کمشن کا جدیدنظام بھی مسلم لیگ ن نے متعارف کرایا۔میٹرو ٹرین لاہور، ملتان، راولپنڈی، سستی روٹی سکیم، آشیانہ سکیم، صاف پانی کے منصوبے، یوتھ فیسٹیول سمیت صوبے میں جاری اور مکمل ہر منصوبے میں بھاری کمیشن کرپشن کی بازگشت رہی، جس منصوبے کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگا اسکا ریکارڈ ہی جلا دیا گیا۔