رائیونڈ: دکانداروں نے سڑکوں پر تجاوزات قائم کردیں، شہری پریشان
رائے ونڈ (نامہ نگار) انجمن تاجران کی سرپرستی میں تجاوزات کی بھرمار نے شہر کا حسن گہنا دیا ۔صحن غلہ منڈی ،گوشت مارکیٹ ،جامع مسجد چوک ،علی ہسپتال چوک اور محمدی چوک میں ٹھیلوں ،گدھا گاڑیوں ،گوشت ،مچھلی ،فروٹ کے پھٹوں ،ہتھ ریڑھیوں اور دکانوں کے باہر ٹرنکوں اور پیٹیوں کی شکل میں پڑی تجاوزات نے گاڑیوں پر آنے والے ڈاکٹروں ،مریضوں اور دیگر شہریوں کا گزرنا محال کردیا ہے ،جامع مسجد چوک میں نان ٹکیوں اور مچھلی فروخت کرنے والوں نے جابجا ریڑھیاں لگاکر نمازیوں اور بازار میں داخل ہونے والی خواتین کا داخلہ تک بند کررکھا ہے ۔یہاں پر کئی ڈاکٹروں کے کلینک بھی ہیں ‘جن تک تجاوزات کے ہجوم کی وجہ سے لوگوں کا بروقت پہنچنا دشوار گزار ہے ۔اقبال ٹائون زون انتظامیہ نے کئی بار آپریشن کرکے تجاوزات کو ہٹانے کی کوششیں کی لیکن سیاست ہر بار آڑے آجاتی ہے ،چیئرمین یوسی کی جانب سے ریڑھی والوں کو غریب جان کر رعائت مل جاتی ہے ،اس لئے یہ علاقہ تجاوزات کا گڑھ بن گیاہے۔