ترجمان وفاقی اردو یونیورسٹی کی وضاحت
کراچی (نیوز رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کی ترجمان ڈاکٹر ارم فضل نے جامعہ اردو کے موجودہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا کے بہت زیادہ مشاہرہ وصول کرنے کے تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطا ء جامعہ اردو میں اعلی تعلیم کی ترویج و ترقی کی خاطر کینیڈا میں ٹینیورڈ پروفیسر کی ملازمت جس میں ان کی ماہانہ تنخواہ15 ہزار ڈالرز تقریبا 25 لاکھ پاکستانی روپے ، چھوڑ کرجامعہ اردو میں بطور شیخ الجامعہ فرائض انجام دے دہے ہیں۔ انہوں نے جامعہ میں رجوع بکار ہونے اور کینیڈا جانے کے لئے سفری اخراجات کے طور پر جامعہ کے فنڈز بھی استعمال نہیں کئے ۔انہوں نے جامعہ کی تمام باڈیز کے اجلاس بروقت اور تواتر سے منعقد کرائے اور آن لائن صدارت بھی کی ۔ وہ شمالی امریکہ کی کئی جامعات سے رابطے میں ہیں تاکہ ان کے اور جامعہ اردو کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوسکیں جن کے تحت مختلف کورسز جامعہ اردو کے طلبا کو مختلف شعبہ جات میں پڑھائے جائیں گے جن کی مالیت کم از کم 24 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے ۔ ایسے ہی ایک معاہدے کے تحت جامعہ اردو کے کم از کم 10 طلبہ بین الاقوامی جامعات میں وظائف کے تحت تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ ترجمان نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ جامعہ کے ملازمین کو تنخواہ نہیں دی گئی درحقیقت فنڈز کی وصولیابی میں تاخیر کے باعث تنخواہ دیر سے دی گئی لیکن تمام ملازمین کو پوری تنخواہ ادا کر دی گئی ہے جس کے بعد شیخ آلجامعہ نے اپنی تنخواہ کے اجرا کے احکامات دیئے۔
وفاقی اردو یونیورسٹی