شطرنج کارنر اور اسٹریٹ لائبریری کا قیام خوش آئند ہے،ایڈمنسٹریٹرکراچی
کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کلفٹن پل کے نزدیک شطرنج کارنر اور اسٹریٹ لائبریری کا قیام خوش آئند ہے اس سے شہریوں کو کھلے مقام پر بیٹھ کر کتابوں کے مطالعہ کے مواقع میسر آئیں گی اور علم و آگہی کو فروغ حاصل ہوگا، پارکس اور سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ شہریوں کو دیگر سہولیات فراہم کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے، شہر میں مزید اسٹریٹ لائبریریاں قائم کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلفٹن پل کے نزدیک شطرنج کارنر اور اسٹریٹ لائبریری کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا، میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی ، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ اور معززین شہر بھی تقریب میں موجود تھے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے کے لئے کراچی کے مختلف مقامات پر اسٹریٹ لائبریریوں کے قیام کو فروغ دیا گیا ہے، ان لائبریریوں میں قارئین کے لئے کتابیں مفت فراہم کی گئی ہیں اور مختلف موضوعات پر یہاں کتابیں دستیاب ہیں، اسکولوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات بھی اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شطرنج ایک مقبول کھیل ہے جو دماغی صحت کے لئے بھی مفید ہے،ہمیں ایسے انڈور گیمز کو فروغ دینا چاہئے جس میں خاندان کے دوسرے افراد بھی حصہ لے سکیں،اس طرح کے کارنر، پارکس، کھیل کے میدان اور کھلی جگہیں شہریوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں، جو ادارے اوپن اسپیس، مونومنٹ یا کارنر تعمیر کرنا چاہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ضلع جنوبی کی طرح شہر کے دیگر اضلاع میں بھی اس قسم کی مفید سرگرمیاں ہونی چاہئیں تاکہ ہماری آئندہ نسلوں کو مثبت اور صحت مند مشاغل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے،ہمارے نوجوان بے حد باصلاحیت ہیں اور اگر ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کی جائے تو وہ ملک و قوم کے لئے اثاثہ ثابت ہوں گے۔
ایڈمنسٹریٹرکراچی