کشمیر قیام پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے‘محمد حسین محنتی

کراچی(نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کشمیر قیام پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیر مسئلے کے حل کی بغیر بھارت سے تجارت کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، پی ٹی آئی حکومت کے تمام دعوے جھوٹے اور پالیسیاں مایوس کن ہیں جس کی وجہ سے ملک وقوم مہنگائی، بیروزگاری،معیشت کی بدحالی اور بیرونی جارحیت سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں، عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی اختیارات دیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ انٹیلیجنسیا کے تحت  ہمدرد یونیورسٹی میں منعقدہ ماڈل پارلیمنٹ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے نسل نو کے لیے سیاست کی اہمیت اور پارلیمنٹ میں قابل و دیانتدار لوگوں کی موجودگی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہوتا ہے  پارلیمنٹ کا مطلب یہ ہے کہ سلگتے ہوئے مسائل پر بات چیت اور اسکا حل تلاش کیا جائے، اپوزیشن مثبت تنقید اور مسائل کی نشاندہی کرتی ہے جبکہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ ملکر مسائل کا حل اور اپوزیشن کے تحفظات دور کرتی ہے مگر بدقسمتی سے آج ہمارے ملک میں پارلیمنٹ کو سیاسی اکھاڑا بنادیا گیا ہے جہاں عوام کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح اور مسائل کے حل اور ملک کی ترقی کی قانون سازی کی بجائے حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے مصروف ہیں جس کی وجہ سے ملک مہنگائی، بیروزگاری اور معیشت کی بدحالی میں دہنستا چلاجارہا ہے اور عام آدمی دووقت کی روٹی کیلئے بھی پریشان ہے۔ حکومت صبح کو ایک پالیسی بناتی ہے تو شام کو تبدیل کرلیتی ہے، قومیں اور ملک اسطرح ترقی نہیں کرسکتے ہیں، اس حکومت کیلئے گڈگورننس اور بیڈ گورننس کی بجائے نو گورننس کا لفظ زیادہ موزوں ہے۔