ایشیاء ٹک پبلک ریلیشنز نے APAC  انسائیڈر بزنس ایوارڈز جیت لیا 

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان کے سب سے پرانے اور تجربہ کار تعلقات عامہ کے ادارے ایشیاٹک پبلک ریلیشنز نیٹ ورک (پرائیویٹ) لمیٹڈ (اے پی آر) نے اے پی اے سی انسائیڈر (APAC Insider) سالانہ بزنس ایوارڈز 2020 جیت کر اہم بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ بین الاقوامی ادارے اے پی اے سی انسائیڈر کی جانب سے 7 اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اے پی آر کو پاکستان کے سب سے بہترین تعلقات عامہ کے ادارے کے طور پر منتخب کیا گیا ۔ اے پی اے سی انسائیڈر کے ججز پینل نے عوامی سطح پر دستیاب معلومات اور اے پی اے سی انسائیڈر میں سخت اندرونی جانچ پڑتال کی بنیاد پر آزادانہ جائزہ لینے کے بعد اے پی آر کو منتخب کیا۔
  اس سلسلے میں خود مختار ادارے کی جانب سے جامع تحقیق اور انتخاب کا مرحلہ میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور اسکی پیش کردہ خدمات اور مہارتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔ ایوارڈ جیتنے والے اداروں کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے شعبے میں مہارت کا مظاہرہ کریں ، اس کے ساتھ ہی ان کے لئے صارفین کو مخلصانہ طور پر خدمات کی فراہمی اور بہترین کارکردگی کے فروغ کا عزم بھی شامل ہے۔  اس طریقہ کار سے اے پی اے سی انسائیڈر کے اس موقف کی تصدیق ہوتی ہے کہ ایوارڈ جیتنے والوں کو ووٹوں کی مقبولیت سے نہیں بلکہ انڈسٹری میں انکی خدمات اور کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے۔ اس اہم کامیابی کے حصول پر اے پی آر کے سی ای او زوہیر علی شریف نے کہا، "ایسا بین الاقوامی ایوارڈ جس کی بنیاد میرٹ اور شفافیت ہو اور اسکے لئے کسی قسم کی فیس کی ادائیگی نہ کرنی پڑے ، اس کی جانب سے ہماری صلاحیتوں کا اعتراف ہمارے لئے حقیقی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ کامیابی اے پی آر میں موجود تمام لوگوں سے منسوب ہے جو بلاشبہ ہماری بہترین طاقت ہیں۔ ہمیں سخت معیار سے گزرنے کے بعد منتخب کیا گیا ہے جن میں بزنس پرفارمنس، دیرپا کارکردگی، ترقی، تنوع، ترقی، نمایاں جدت اور اسٹیک ہولڈرز سے فیڈ بیک کا جائزہ شامل ہیں۔ "