اشتیاق بیگ کا سابق گورنر سندھ  محمد زبیر کے اعزاز میں عشائیہ

کراچی(کامرس ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) بزنس فورم کے صدر اشتیاق بیگ نے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے اعزاز میں گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر عشایئے کا اہتمام کیا جس میں بزنس فورم کے عہدیداران، ممبران، معروف بزنس مین اور بزنس وومین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے میزبان اشتیاق بیگ نے اپنی استقبالیہ تقریر میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے، بہتر معاشی کارکردگی اور بلند جی ڈی پی شرح کے حصول کیلئے مسلم لیگ (ن) کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے اسٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں ملکی قرضے تاریخ کی بلند ترین سطح 45 کھرب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔

 جو ملکی جی ڈی پی کا تقریباً 100 فیصد بنتا ہے اور ملک پر بڑھتے ہوئے قرضے تشویشناک صورتحال اختیار کرگئے ہیں۔ سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی حکومت کی معاشی اور خارجہ پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں ریکارڈ قرضے لینے کے باوجود پی ٹی آئی حکومت کا کوئی نیا پروجیکٹ منظر عام پر نہیں آیا۔ تقریب میں کورنگی ایسوسی ایشن کے صدر سلیم الزماں، سابق صدر عمر ریحان، انور قریشی، روٹری کلب کے ڈسٹرکٹ گورنر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، اسٹاک ایکسچینج کے سلیمان مہدی، سلیم چامڈیا، اسد فیکٹو، فرخ مظہر، علی حیدر، آصف نثار، رضوان آڈھیا اور ذیشان سلیم ذکی سمیت بڑی تعداد میں بزنس مینوں نے شرکت کی۔