.5 ملین بے گھر طلبہ کی تعلیم دوبارہ شروع کرنے کیلئے فوری مدد ناگزیر


اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)سول سوسائٹی  نے کہا کہ3.5 ملین بے گھر طلبا کو تعلیم دوبارہ شروع کرنے کے لیے فوری مدد کی ضرورت ہے،پاکستان کی سول سوسائٹی نے اقوام متحدہ کی حالیہ کانفرنس میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے عالمی برادری کی طرف سے کیے گئے 9 ارب ڈالر سے زیادہ کے وعدوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیانیے  میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اور متاثرہ علاقوں میں تعلیمی نظام کی تیزی سے بحالی پر خصوصا زور دیا گیا۔ یہ بیانیہ مشترکہ طور پر پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن (PCE)، سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (CPDI)، پاکستان یوتھ چینج ایڈوکیٹس (PYCA)، یونائیٹڈ گلوبل آرگنائزیشن آف ڈویلپمنٹ (UGOOD)،اور معروف ماہرِ تعلیم، ڈاکٹر اے ایچ۔ نیئر کی جانب سے جاری کیا گیا۔بیان میں عالمی امداد کو مثر  اور شفاف طریقے سے استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔ یہ بیان ایک مشترکہ کال ٹو ایکشن کے ساتھ جاری کیا گیا  جس میں ریاستی اور غیر ریاستی اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ بچوں کو سکول واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔