ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کو تھپڑ مارنے پر خاتون پروفیسر کی ایک سالانہ انکریمنٹ ختم
اسلام آباد (نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے شعبہ بائیولوجیکل سائنسز کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاصمہ گل کو ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کو تھپڑ مارنے کی پاداش میں ایفی شنسی اور ڈسپلن رولز کے مطابق جرم کے ارتکاب کے ذمہ دار قرار دے دیا۔ یونیورسٹی کے نوٹفیکیشن کے مطابق ڈاکٹر عاصمہ گل نے 10 جون 2021 کو ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ثوبیہ کے دفتر مین داخل ہو کر انہیں دھکیاں دیں اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ ڈاکٹر ثوبیہ نے اس بارے میں یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ کو تحریری شکایت کی جنہوں نے اس معاملے کی تحقیق کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی۔ اس کمیٹی نے ڈاکٹر عاصمہ گل کو شنوائی کا موقع دیا اور قرار دیا کہ ڈاکٹر عاصمہ نے ڈاکٹر ثوبیہ کو تھپڑ مار کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں یونیورسٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ایاز افسر نے ڈاکٹر عاصمہ گل کو ایک سالانہ انکریمنٹ کے خاتمے کی سزا سنائی۔ یہ سزا یونیورسٹی کے ڈسپلن اینڈ ایفی شنسی قوانین مجریہ 1987 کی شق 4 کے تحت سنائی گئی ہے۔