چین پاکستان سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے مختصر فلم اور گیت جاری

بیجنگ(نیٹ نیوز)چین پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس نے مختصر دورانیے کی فلم "ہم ایک خاندان ہیں "سمیت دستاویزی فلم" پاکستان سے محبت کے جذبات" اور  پاکستان میں چینی سفارتخانے کے اشتراک سے ایک گیت "تیری میری سدا دوستی" جاری کیے ہیں۔ 21 مئی کو پاکستان میں چینی سفارتخانے کے زیر اہتمام ایک استقبالیہ تقریب منعقدہوئی۔"تیری میری سدا دوستی" گیت  باقاعدہ ریلیز کیا گیا۔اس  گیت کی موسیقی پاکستان کے نامور موسیقار ساحر علی بگہ نے ترتیب دی ہے ۔گلوکاروں میں ساحر علی بگہ کے ساتھ چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کی چار خواتین صحافی شامل ہیں۔ گیت کی شاعری میں دونوں ممالک کے درمیان محبت ،خلوص ، اپنائیت ،قربانی اور ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ چلنے کے عزم کو شاندار طریقے سے بیان کیا گیا ہے۔