دیہی تنظیمیں نئے اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتی ہیں
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) رورل سپورٹ پروگرامز نیٹ ورک کی جانب سے دسویں لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز (LSOs) کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر بشمول چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی 1600سے زائد لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز کے نمائندوںنے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی، ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر براے وزیر اعظم پاکستان تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں ، یورپی یونین کے ہیڈ آف کوو آپریشن رورل سپورٹ پروگرامز کے بانی و چیرمین شعیب سلطان خان، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد باجوہ، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے نادر گل بڑیج، سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے مسعود الملک ، انسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنیٹ کے رومی حیات سمیت صوبائی حکومتوں کے نمائندگان اور لوکل سپورٹ آگنائزیشنوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ مقامی دیہی تنظیمیں اپنے کام کے ذریعے لوگوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔وزیر اعظم پاکستان کی خواہش ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ مقامی آبادی کے تعاون اور لوکل گورنمنٹ کے اشتراک کے بغیر ان منصوبوں کی پائداری زیادہ دیر پا نہیں ہو گی۔