• news

واپڈا ملازمین کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کی مبینہ اطلاعات پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین(سی بی اے) نے نئی وفاقی حکومت کی جانب سے واپڈا ملازمین کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کی مبینہ اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیسکو سمیت ملک بھر کے واپڈا ملازمین کو یونین اور اتھارٹی کے مابین باہمی معاہدے کے تحت سالہا سال سے محدودتعداد میں مفت یونٹس کی سہولت حاصل ہے جو کہ صنعتی تعلقات ایکٹ کی رو سے یکطرفہ طور پر واپس نہیں لی جا سکتی اسلئے حکومت کو چاہئے کہ اس خبر کے حوالے سے فوری تردید اور وضاحت جاری کرے تاکہ واپڈا ملازمین میں پیدا ہونے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔ اس امر کا اظہاربزرگ مزدور راہنما اور مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد کی صدارت میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں آئیسکو اسلام آبادریجن کے چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل، محمد رمضان خان جدون، طارق نیازی، آفتاب رفیق، سجاد حسین ساجد اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن