عمرہ زائرین کی بائیو میٹرک تصدیق یکم جنوری 2018ء تک موخر

اسلام آباد(صباح نیوز)سعودی عرب نے عوامی مطالبہ تسلیم کرتے عمرہ زائرین کی بائیو میٹرک سسٹم سے تصدیق کویکم جنوری 2018ء تک موخر کردیا،تاریخ ہذا سے پہلے تک عمرے کے تمام ویزے بائیو میٹرک کے بغیر لگائے جائیں گے،سعودی عرب پاکستانی عوام کی عظیم بھلائی اور سہولیات بہم پہنچانے میں ہمہ تن کوشاں ہے ،پاکستانی حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہر موقع پر آرام اور آسانیاں پہنچانے کے لئے پر پوری طرح مصروف عمل ہے۔ پیر کو اس امر کا اظہار سعودی عرب کے پاکستان میں سفارت خانے کے ترجمان نے اپنے بیان میں کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی ایمبسی اسلام آباد اس امر کی وضاحت کرتی ہے کہ مملکت سعودی عرب پاکستانی عوام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس کی بھلائی کو ہر چیز پر مقدم رکھتی ہے ۔سعودی مملکت مطلع کر دینا چاہتی ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم کو اعتماد کمپنی کے استعدار کار کی بہتری تک اور مکمل طریقے سے تیاری تک موخر کیا جاتا ہے۔ایمبسی اس امر کی بھی یقین دہانی کراتی ہے کہ سعودی عرب کی قیادت اس مسئلے میں پاکستانی عوام کی عظیم بھلائی اور سہولیات کو بہم پہنچانے میں ہمہ تن کوشاں ہے،تاریخ ہذا سے پہلے تک عمرے کے تمام ویزے بائیو میٹرک کے بغیر لگائے جائیں گے۔