شہباز شریف کا ایک اور اعزاز

شہباز شریف کا ایک اور اعزاز

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبہ پنجاب کیلئے 12 سو میگا واٹ گیس پاور پلانٹ لگانے کے فیصلے کا اعلان کردیا‘ اجلاس میں انہوں نے ملکی ترقی بالخصوص پنجاب کی تعمیر وترقی کیلئے ولولہ انگیز خیالات کا اظہار بھی کیا‘ جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ عدالت عظمیٰ کے حالیہ فیصلے کے بعد انکے مورال اور عزم و ہمت میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ اس میں خوش آئند طورپر اضافہ ہی ہوا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملکی حلقوں میں ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی صوبہ پنجاب میں شہباز شریف کی وزارت اعلیٰ کے دوران ترقیاتی کاموں کے معیار اور انکی کریڈیبلٹی کو ہمیشہ سراہا جاتا رہا ہے۔ وہ دنیا بھر میں ترقیاتی کاموں کی یقینی کامیابی کے حوالے سے شہباز سپیڈ کے نام سے معروف ہیں‘ اس ضمن میں چین‘ ترکی اور دیگر کئی ممالک ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ پنجاب میں 12 سو میگا واٹ کے گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ انکے غیر متزلزل ارادوںاور عزم کو ظاہر کرتا ہے اور اس اقدام سے یہ توقع کرنا بھی حقیقت کے قریب ہے کہ وہ مستقبل میں بطور وزیراعظم پاکستان بہت سے پاور منصوبوں کو پائیہ تکمیل تک پہنچا کر رہیں گے اور توانائی کے وہ منصوبے جن کے افتتاح کا موقع میاں نوازشریف کو نہیں ملا‘ شہبازشریف انہیں بھی جلد پایۂ تکمیل کو پہنچائیں گے۔ اس حوالے سے اسلام آباد کی بیورو کریسی اور افسر شاہی میں کھلبلی کی سی کیفیت پائی جاتی ہے کہ اب انہیں انتھک کام کرنا پڑیگا۔ شہباز شریف کا شروع سے ہی انتھک اور مسلسل کام کرنے کے عادی ہیں‘ نیز اپنے ساتھ کام کرنیوالی حکومتی مشینری اور افسر شاہی کو بھی اسی طرح سے محنت کرنے پر راغب کرتے ہیں۔ اس تناظر میں کہا جا سکتا ہے شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم پاکستان کارہائے نمایاں سے وفاق اور اسکے زیر انتظام دوسرے صوبوں کو بھی ترقیاتی کاموں کی تیز رفتار تکمیل کا فائدہ ہوگا۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جیت بھی اسی میں ہو گی کہ ملک میں مجموعی طورپر توانائی کا بحران اور دیگر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں فی الفور دور کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنایا جائے۔