بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے گرڈسٹیشن بنایا جائیگا: رضوان خالد
لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) نے سرگودھا کے قریب بننے والی بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں انرجی کی فراہمی کیلئے گرڈسٹیشن بنانے کافیصلہ کیا ہے جبکہ متذکرہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو جلد ہی سپیشل اکنامک زون کا درجہ مل جائے گا۔ یہ بات پیڈمک کے چئیرمین رضوان خالد بٹ نے اوورسیزانوسٹرز کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں 100 انڈسٹریل یونٹس لگانے کیلئے ملکی اور غیر ملکی صنعتکاروں نے انڈسٹریل پلاٹس خرید لئے ہیں کیونکہ سرمایہ کاری کے اعتبار سے موٹروے سے پانچ کلومیٹر کے فاصلہ اور لاہور اسلام آباد کے وسط میں واقع ہونے کے نتیجہ میں یہ انڈسٹریل اسٹیٹ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے آئیڈیل لوکیشن کی حیثیت اختیار کر گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ کا 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوگیا ہے اور بقیہ دس فیصد آئندہ دو مہینوں میں مکمل ہو جائے گا۔