طلبہ بڑا آدمی بننے کیلئے جہد مسلسل اور سچائی ودیانت جیسی صفات کو اپنائیں : مجیب الرحمن شامی
لاہور(خصوصی رپورٹر) قیام پاکستان کا مقصد یہاں ایک ایسا اسلامی معاشرہ تشکیل دینا تھا جو پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہو۔آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں،اپنے علم و عمل سے پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ بڑا آدمی بننے کیلئے جہد مسلسل کو اپنا شعار اور سچائی ودیانت جیسی صفات کو اپنائیں۔ آج بھارت میں مسلمان کیلئے مسلمان ہونا جرم بن گیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار ممتاز صحافی، دانشور اور تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 17ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چودہویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف ، سیکرٹری شاہد رشید اور نظریاتی سمر سکول کی کوآرڈی نیٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھے۔محمد احمد نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ محمد رضا نے بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ¿ عقیدت پیش کیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریاتی سمر سکول کی طالبہ حجاب فاطمہ نے انجام دیے۔ مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ آپ نے بڑے ہو کر کیا بننا ہے، اس کی پلاننگ ابھی سے شروع کر دیں۔ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے لہٰذا اس کی قدر کریں۔