خیبر پی کے حکومت نے صحت اور تعلیم کو این جی اوز کے حوالے کرکے تباہ کر دیا: ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی

ایبٹ آباد (این این آئی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ دھرنا سیاست کرنیوالوں کی سازشیں حکومت کو انقلابی اقدامات سے نہیں روک سکتیں، وزیراعظم محمد نواز شریف کی مثبت معاشی پالیسیوں کے باعث بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں، پاک چائنہ اقتصادی راہداری معاشی انقلاب کا بڑا منصوبہ ہے، وزیراعظم پاکستان کے نیشنل ہیلتھ پروگرام سے لاکھوں مستحق لوگوں کو علاج کی مفت سہولت میسر آرہی ہے، توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے متعدد منصوبے اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیںجن کے مکمل ہونے کے بعد ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہوجائیگا، ہزارہ موٹروے مکمل ہونے کے بعد ہزارہ کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آنے کیساتھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ پیر کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال ایبٹ آباد میں وزیراعظم ہیلتھ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ موجوہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے جوعرصہ سے دہشت گرد ی کی آگ میں جل رہا تھا جس سے ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ 18ترمیم کے بعد متعدد اختیارات صوبائی حکومتوں کو منتقل ہوچکے ہیں جس سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایبٹ آباد میں بائی پاس نہ ہونے کے باعث سینکڑوں لوگ علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ایبٹ آباد کے دو صوبائی وزراء نے بائی پاس منصوبے کی این اوسی میں بڑی رکاوٹ بنے رہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کا شعبہ این جی اوز کے حوالہ کرکے تباہ کردیا ہے۔