حکومت بے وسیلہ طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے: رانا مشہود
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ذہین بے وسیلہ طلباءو طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ان اقداما ت سے بے وسیلہ طبقات کی حصول علم تک رسائی عام ہوئی جس سے فروغ تعلیم میں بھی مدد ملی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے آفس میںاساتذہ ، ماہرین تعلیم اور عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے دوران کہی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے تحت صوبہ بھر کے لاکھوں مستحق اور بے وسیلہ بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن مہیا کی جا رہی ہے۔زیور تعلیم پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے16اضلاع میں سیکنڈری سکولز کی سطح تک بچیوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے چھٹی سے دسویں جماعت کی بچیوں کیلئے ماہانہ وظیفے کی رقم دو سو روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔ اس پروگرام سے ان اضلاع کی چار لاکھ60ہزار سے زائد بچیاں مستفید ہو رہی ہیں۔