تشدد کا شکار بچوں کو تحفظ فراہم کرنااولین ترجیح ہے: مئیر لاہور

لاہور (خبر نگار)حکومت تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں کو ریسکیو کروانے اور ان کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا اولین فرض سمجھتی ہے اور بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ و خوشی لانے کے لئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔ہر بچے کو بہترین مستقبل فراہم کرنا ارباب اختیار کی ذمہ داری ہے جس کے لئے مختلف حکومتی ادارے ہر وقت کو شاں نظر آتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے عالمی یوم سٹریٹ چائلڈ کے حوالے سے انگوری باغ میں چائلڈ پروٹیکشن کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرپرسن صبا صادق اور مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور اس کی چیئرپرسن صبا صادق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھو لے بھٹکے اور معصوم بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھا ہے اور سٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے ایک واضح پالیسی اپنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی دلچسپی اور ارباب اختیار کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ گمشدہ اور یتیم بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور دارالشفقت جیسے اداروں میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔