کل بھوشن کی سزا پر بھارتی ردعمل دھمکانے کے مترادف ہے: ناصر جنجوعہ

لاہور + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر بھارتی ردعمل دھمکانے کے مترادف ہے۔ اچھا ہوتا بھارت دھمکانے کی بجائے حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کرتا۔ نجی ٹیوی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی نہیں دہشت گردی میں ملوث انسانیت دشمن کیس ہے۔ بھارت کلبھوشن یادیو نیٹ ورک کی تفصیلات اور شواہد کو چھٹلا نہیں سکتا۔ بھارتی ردعمل اس کی ترجیحات اور پالیسی کو واضح کرتا ہے کشمیر سمیت تمام معاملات مذاکرات کی میز پر حل کرنے کو تیار ہیں۔ بھارت مذاکرات کی میز پر آئے ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ علاوہ ازیں کینیڈین ہائی کمشنر سے گفتگو میں ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری اپنے مفادات کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کررہی ہے تاہم امریکہ کی پاکستان بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں ممبر شپ کے لئے امتیازی سلوک کا سامنا ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، ہمیشہ دشمن نہیں رہ سکتے تاہم عدم استحکام خطے کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے۔