قائمہ کمیٹی نے بارہویں جماعت تک قرآن پاک کے ترجمہ ‘ حفظ اور تجوید کولازمی قرار دینے کابل منظور کرلیا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے تعلیمی اداروں میں بارہویں جماعت تک قرآن پاک کے ترجمہ ‘ حفظ اور تجوید کو لازمی قرار دینے کے بل کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ شمشاد بچانی نے کہا کہ انہیں 4 افراد کا حج کوٹہ نہیں دیا گیا بلکہ حج کوٹے کے فارم مذہبی امو رکے اہلکار 50 ہزار روپے میں فروخت کئے جاتے رہے اس موقع پر دیگر ارکان نے بھی مطالبہ کیا کہ ارکان اسمبلی کا حج کوٹہ بحال ہونا چاہیے۔ تاہم جماعت اسلامی کے صاحبزادہ یعقوب‘ پی ٹی آئی کے علی محمد خان اور (ن) لیگ کے ملک عبدالغفار ڈوگر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کیلئے کوٹہ کی بحالی سے بدنامی ہو گی۔ رکن اسمبلی ملک ابرار کے ساتھ وزارت کے سٹاف کی طرف سے مبینہ بدسلوکی کی پر وزیر مذہبی امور کی جانب سے انکوائری اور ایکشن کی یقین دہانی پر معاملہ نمٹا دیا گیا۔ کمیشن برائے اقلیتوں کے خلاف 2016ء بل پر بحث آئندہ اجلاس تک موخر ‘ کمیٹی نے سعودی حکومت کی طرف سے دوسری بار عمرہ کرنے پر عائد ویزا فیس ختم کرنے ‘ مسلسل 3 بار حج قرعہ اندازی میں ناکام عازمین حج کو چوتھے سال قرعہ اندازی کے بغیر حج پر بھجوانے ‘ اقلیتی ارکان کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے کی سفارش کر دی ۔