پنجاب: 62 دینی مدارس کو تعلیمی وظائف کی مد میں پونے 3 کروڑ روپے جاری
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)صوبائی زکوۃکونسل پنجاب نے صوبہ کے 9اضلاع کے 62کے دینی مدارس کو تعلیمی وظائف کی مد میں سال 2016-17کے لیے 2کروڑ 75لاکھ 5ہزار روپے کا اجراء کردیا ہے ۔دینی مدارس کو جاری کردہ رقوم سے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم3982طلباو طالبات مستفید ہوںگے۔ اس امر کا فیصلہ صوبائی زکوۃ کونسل پنجاب کے چیئرمین جسٹس (ر ) اختر حسن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکرٹری زکوۃ و عشرمحمد حسن اقبال،ایڈ منسٹریٹرزکوۃ پنجاب محمد یوسف بٹ،کونسل کے اراکین حافظ فضل رحیم اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر، سعید احمدانصاری ،محمد اظہر فاروقی، تنویر کوثرکے علاوہ محکمہ خزانہ، لوکل گورنمنٹ اور سوشل ویلفیئرکے سیکرٹری صاحبان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ جسٹس (ر) اختر حسن نے اجلاس میں موجود محکمہ زکوۃ و عشرکے افسران کو جاری کردہ رقوم فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے زیر انتظام چلنے والے 131نئے فنی تربیتی ادارہ جات کی فہرست بندی کرنے اوراس ضمن میں جلد رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ دیگر اموربھی زیر بحث آئے ۔