نجی میڈیکل کالجز میں داخلے پی ایم ڈی سی کی پالیسی کے تحت ہوںگے: سلمان رفیق

لاہور(کامرس رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق صوبہ کے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی منظور شدہ پالیسی کے تحت اوپن میرٹ کی بنیاد پر کئے جائیں گے-انہوں نے کہاکہ نئی پالیسی پر عملدرآمد کے تحت صوبے کے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے لئے حکومت نے فیس بھی مقرر کر دی ہے اوراب کوئی بھی کالج مقرر کردہ فیس سے زیادہ رقم کسی بھی نام سے وصول نہیں کر سکے گا- انہوں نے نے مزید بتایاکہ نجی میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام انٹرنس ٹیسٹ کا طریقہ کار لاگوہوگا اور کسی بھی نجی میڈیکل کالج کا طلبا کے داخلے سے براہ راست تعلق نہیں ہوگا-انہوںنے کہاکہ میرٹ لسٹ داخلہ کے لئے امتحان لینے والی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آویزاں کی جائے گی اس پالیسی سے ہونہار اور قابل طلبا کو ان کا حق ملے گا جس سے نجی شعبہ میں بھی میڈیکل کی تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی۔ انہوںنے بتایاکہ نجی میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے پراونشنل ایڈمیشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔