سوتیلی ماں کا 6 سالہ بچی پر وحشیانہ تشدد بازو توڑ ڈالا، بازیاب کرا کر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا

لاہور (نامہ نگار+ لیڈی رپورٹر) پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کارروائی کرتے ہوئے سوتیلی ماں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے والی 6 سالہ بچی کو بازیاب کرا کر چائلڈ پروٹیکشن کی تحویل میں دیدیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے وحدت کالونی پولیس کے ساتھ مل کر سوتیلی ماں کے تشدد کا نشانہ بننے والی 6 سالہ بچی ماہ نور کو کلفٹن کالونی سے بازیاب کرا لیا ہے۔ بچی ماہ نور کو اس کی سوتیلی ماں انعم اور والد فیصل تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔ بچی کو کام نہ کرنے پر اس کی سوتیلی ماں کے تشدد سے اس کا بازو ٹوٹا ہوا تھا جبکہ اس کے جسم پر جگہ جگہ استری سے جلانے کے نشانات تھے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بچی کو تحویل میں لے لیا اور ساتھ لے گئے جہاں اسے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے سوتیلی ماں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔