ساتھی سے بورڈنگ کارڈ تبدیل کر کے اٹلی جانے والا مسافر گرفتار
لاہور (خبر نگار) لاہور ائر پورٹ پر ساتھی مسافر سے بورڈنگ کارڈ تبدیل کر کے بغیر ویزا میلان (اٹلی) جانے کی کوشش کرنیوالے مسافر کو ایف آئی اے نے طیارے کے دروازے سے پہلے گرفتار کر لیا ۔ خضر حیات ویزا پر دبئی جانے کے لئے شاہین ائر لائنز کی پرواز این ایل 766 کا بورڈنگ کارڈ حاصل کر کے ڈیپارچر لاؤنج میں پہنچا جہاں اس کا ساتھی محبوب الحسن جو پی آئی اے کی پرواز پی کے 733 پر میلان جا رہا تھا پہلے ہی موجود تھا۔ محبوب الحسن نے اپنا پی آئی اے کی میلان کی پرواز کا بورڈنگ کارڈ خضر حیات کے حوالے کیا اور اس کے بورڈنگ کارڈ پر شاہین ائر لائنز کی پرواز پر دبئی چلا گیا۔ میلان کی پرواز کا وقت ہوا تو انسپکٹر رئیس باجوہ کو شک گزرا کہ یہ مسافر جو اٹلی جا رہا ہے اس نے دبئی کا بورڈنگ کارڈ حاصل کیا تھا۔ چنانچہ ان کی ہدایت پر سب انسپکٹر رضوان نعیم اور عاطف شبیر نے ملزم خضر حیات کا پاسپورٹ اور بورڈنگ چیک کر کے اسے گرفتار کر کے آف لوڈ کرا لیا۔ ملزم کو مزید تحقیقات کے لئے تھانہ پاسپورٹ سیل بھجوا دیا گیا ہے جبکہ امیگریشن حکام سے محبوب الحسن کی پاکستان واپسی کیلئے درخواست کر دی گئی ہے۔