ہائیکورٹ: 6 سالہ بچے کا باپ کو چھوڑنے، ماں کے ساتھ جانے سے انکار، رو رو کر آسمان سر پر اٹھالیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے حوالگی کیس میں 6 سالہ بیٹا باپ سے لیکرماں کے سپرد کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد خاوند بیٹے کے حصول کے لئے بیوی کے پاوں پڑ گیا جبکہ بچے نے رو رو کر آسمان سر پراٹھا لیا اور باپ کے ساتھ جانے کیلئے ماں کو تھپڑ مارتا رہا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران تاندلیانوالہ فیصل آباد کی رہائشی خاتون زہرا بی بی نے موقف اختیار کیا کہ اسکے خاوند نے اسے مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا اور بچہ چھین لیا، وہ طلاق کے دو نوٹس بھی بھجوا چکا ہے۔خاتون کے شوہرمحمداحمد علی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسکی بیوی نے جھگڑے کے بعد خود ہی گھر چھوڑ ا۔ایک سال سے اپنے 6 سالہ بیٹے آفتاب کی پرورش کر رہا ہوں، بیٹا ماں کے پاس نہیں رہنا چاہتا۔ عدالت نے دونوں میاں بیوی کا موقف سننے کے بعد آفتاب کو ماں کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ بچہ ماں کی بجائے باپ کے ہمراہ جانے کیلئے چیخیں مار مار کر روتا رہا ۔ اس نے اپنے ماموں کو نوچ کھایا اور ماں کو بھی تھپڑ مارنے کی کوشش کی ۔ عدالتی فیصلے کی روشنی میں زہرا بی بی بچے کو ساتھ لے گئی۔