اساتذہ کی پیشہ وارانہ خطوط پر تربیت ناگزیر ہے: چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمشن

لاہور(خبر نگار) چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ تعلیمی ترقی کے آسان حصول کیلئے اساتذہ کی جدید پیشہ وارانہ خطوط پر تربیت ناگزیر ہے۔ اساتذہ قوم کے معمار اور مثبت سماجی تبدیلیوں کے آلہ کار ہیں۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن اعلیٰ معیاری تدریس و تعلیم کی فراہمی کے ضمن میں پاکستان بھر کی جامعات میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام تعلیم و تحقیق کے موضوع پر چوتھی تین روزہ انٹر نیشنل کانفرنس کی اختتامی تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ جامعات اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے علاوہ معاشرتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں بھی ممدو معاون ثابت ہوتی ہے۔ تعلیم و تحقیق کا اصل مقصد ہی انسانیت کی خدمت اور نئے علوم کا فروغ ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے 24ملین نوجوان اور بچے سکول سے محروم ہیں جبکہ سو میں سے قریباً آٹھ یا نو افراد اعلی تعلیم تک رسائی حاصل کر پاتے ہیں۔ تعلیمی مسائل و چیلنجز سے احسن انداز میں نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے تعلیم و تدریس کو فوقیت دیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سو فیصد نتائج کے حصول کیلئے اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت نہایت اہم ہے۔